ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان اور آبنائے ہرمز کے قریب واقع علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق ہرمزگان کے مشرقی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اسی دوران ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ہرمزگان کے شہر سرک میں ایک پراجیکٹائل گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تاہم ان دھماکوں کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے واقعے کے جواب میں ایران کے خلاف "سیلف ڈیفنس” کارروائیاں شروع کی ہیں۔ امریکی مؤقف کے مطابق یہ حملے امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے واقعے کے بعد کیے گئے ہیں۔
