اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے کی مجموعی صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا اور حالیہ سفارتی سرگرمیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری مفاہمتی عمل اور مذاکراتی پیش رفت کو ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن کے فروغ اور پائیدار استحکام کی راہ ہموار کریں گی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ آئندہ پیش رفت پر مشترکہ مؤقف اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ رابطہ خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مسلسل مشاورت کا حصہ ہے۔
