صومالی لینڈ اور اسرائیل کے تعلقات میں نئی پیش رفت، دونوں ممالک نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا

روشلم میں اسرائیلی صدر کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اہم تقریب میں صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمان محمد عبداللہی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی جانب سے دی گئی سفارتی حمایت اور تسلیم کیے جانے کے فیصلے کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے اس موقع کو صومالی لینڈ کی سفارتی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اپنی اہلیہ فردوسہ محمد روبیل کے ہمراہ یروشلم پہنچنے والے صدر عبدالرحمان عبداللہی نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور خاتون اول میشل ہرزوگ سے ملاقات کی۔ یہ دورہ صومالی لینڈ کے صدر کا بیرون ملک پہلا سرکاری دورہ قرار دیا جا رہا ہے، جسے دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

صدر عبدالرحمان عبداللہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 35 برسوں سے صومالی لینڈ عالمی برادری سے اپنی شناخت اور خودمختاری کو تسلیم کرنے کی اپیل کرتا رہا ہے، تاہم اسرائیل پہلا ملک ہے جس نے ان کی آواز سنی اور انہیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کا عملی قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کیا گیا یہ اقدام صومالی لینڈ کے عوام کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اب صرف سفارتی اعلانات تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ انہیں مختلف شعبوں میں عملی تعاون کی شکل اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے تعلیم، معیشت، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات پر زور دیا۔

اسرائیلی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل اور صومالی لینڈ کو کئی مشترکہ چیلنجز درپیش ہیں، جن میں شدت پسندی، علاقائی عدم استحکام اور بحری سلامتی کے مسائل شامل ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور سمندری راستوں کی آزادی کے تحفظ کے خواہاں ہیں، جس کے لیے قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مبصرین کے مطابق اسرائیل اور صومالی لینڈ کے درمیان یہ پیش رفت مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے خطے میں نئی سفارتی صف بندیوں کا اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے