جاپانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، ایران امریکا پیش رفت پر پاکستان کی کوششوں کی تعریف

جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موٹیگی نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ افہام و تفہیم، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں استحکام، کشیدگی میں کمی اور عالمی امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

گفتگو کے دوران جاپانی وزیر خارجہ نے پورے سفارتی عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل مصالحتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف فریقوں کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے اور مذاکراتی ماحول کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں حالیہ پیش رفت ممکن ہوئی۔

وزارت خارجہ کے مطابق جاپان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ اسلام آباد نے ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جاپان کی جانب سے پاکستان کے کردار کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی رابطوں اور باہمی مشاورت کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے