سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کی سہولت کے لیے جدید اور مربوط ڈیجیٹل خدمات متعارف کرا دی ہیں، جن کے ذریعے زائرین قانونی تحفظ اور آسان طریقہ کار کے تحت اپنے عمرہ سفر اور پرمٹس کی بکنگ کر سکیں گے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری پیغام میں بتایا کہ عمرہ زائرین ’’نسک عمرہ‘‘ پورٹل، منظور شدہ ٹریول ایجنٹس، تصدیق شدہ بین الاقوامی آن لائن ٹریول پلیٹ فارمز اور ’’نسک‘‘ اسمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی تمام سفری اور عمرہ خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق زائرین براہِ راست سرکاری ویب سائٹ umrah.nusuk.sa پر جا کر تیز، شفاف اور محفوظ الیکٹرانک طریقہ کار کے ذریعے اپنی پسند کے عمرہ پیکجز کا انتخاب اور بکنگ کر سکتے ہیں۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ زائرین جو روایتی طریقہ اختیار کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنے ممالک میں وزارتِ حج و عمرہ سے رجسٹرڈ اور منظور شدہ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے بھی عمرہ پیکجز حاصل کر سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جدید سفری سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین کو وزارت سے منظور شدہ بین الاقوامی آن لائن ٹریول ایجنسیوں اور ویب سائٹس کے ذریعے فلائٹس، ہوٹل بکنگ اور دیگر عمرہ خدمات حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد ’’نسک‘‘ ایپلی کیشن کا استعمال ضروری ہوگا، جس کے ذریعے زائرین بیت اللہ شریف میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے پرمٹ حاصل کر سکیں گے، جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں ریاض الجنہ کی زیارت اور نماز کے لیے بھی اسی ایپ کے ذریعے اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔
