جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے شدید، نبطیہ میں 18 افراد شہید، درجنوں زخمی

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے، جہاں ضلع نبطیہ اور اس کے گرد و نواح میں رات بھر جاری رہنے والی فضائی اور توپ خانے کی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد شہید جبکہ 33 کے قریب زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کا مرکز زیادہ تر نبطیہ ضلع کے قصبے رہے، حالانکہ گزشتہ چند روز کے دوران فوجی کارروائیوں میں نسبتاً کمی دیکھی گئی تھی۔ جمعہ کی صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے الشرقلیہ، حاروف اور کفرصیر کو نشانہ بنایا، جبکہ توپ خانے کی شدید گولہ باری نبطیہ شہر، کفرجوز، کفرمان، زبدین، نبطیہ الفوقا، حبوش، سجد اور الجبل الرفیع تک پھیل گئی۔

کفرصیر میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ قصبیہ، کفر دجال، کفرتبنیت اور دویر میں بھی حملے کیے گئے۔ دویر میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ جبشیت اور عدشیت کے علاقوں کو بھی شدید فضائی اور توپ خانے کی بمباری کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے علی الطاہر کے شمال میں پیش قدمی کرنے والی اسرائیلی فورس کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور دیگر اہداف پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے