ئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کو ایک اور اہم امتحان کا سامنا ہے، جہاں بنگلادیش نے ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے گروپ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا کر گرین شرٹس کو کامیابی کے لیے 124 رنز کا ہدف دیا ہے۔
میچ میں بنگلادیش ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود درمیانی اور آخری اوورز میں محتاط انداز اپناتے ہوئے قابل دفاع مجموعہ ترتیب دیا۔ بنگلادیش کی جانب سے شورنا اختر نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں اہم باؤنڈریز شامل تھیں۔ کپتان نگار سلطانہ نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 رنز بنائے، جبکہ سبحانہ مستری نے 22 رنز کی کارآمد اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی بولرز نے مجموعی طور پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور بنگلادیش کو بڑے اسکور تک پہنچنے سے روکے رکھا۔ قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 18 رنز دے کر دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے بنگلادیشی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔
