اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں نئی بمباری کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے رات کے وقت جنوبی لبنان میں تعینات اسرائیلی فوجیوں اور عسکری تنصیبات پر 50 سے زائد راکٹ اور دیگر گولے داغے، جس کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ اور توپ خانے نے حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق کارروائیاں صرف ان مقامات تک محدود ہیں جہاں حزب اللہ کی عسکری سرگرمیوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں حزب اللہ کے کمانڈرز اور ان کے معاونین شامل ہیں۔
