ایران کے مرکزی بینک کے گورنر Abdolnaser Hemmati نے اعلان کیا ہے کہ بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں کے استعمال کا عمل آئندہ چند روز میں بتدریج شروع کر دیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پیر کے روز جاری بیان میں عبدالناصر ہمتی نے کہا کہ ان اثاثوں تک رسائی اور ان کے استعمال کا عمل مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا اور تمام اقدامات مرکزی بینک کی پالیسیوں اور ہدایات کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ابتدائی مرحلے میں کتنی رقم دستیاب ہو گی اور کن شعبوں کو ترجیح دی جائے گی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ تمام اقدامات باقاعدہ مالیاتی حکمت عملی کے تحت کیے جائیں گے۔
ایرانی حکام گزشتہ کئی ماہ سے اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ بیرونِ ملک موجود منجمد اثاثوں تک رسائی تہران کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حالیہ سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں بھی یہ معاملہ نمایاں طور پر زیر بحث رہا ہے۔
