عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
امریکی خام تیل 1.53 فیصد اضافے کے ساتھ 70 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، برطانوی خام تیل کی قیمت میں 1.36 فیصد اضافے کے بعد 74 ڈالر فی بیرل پر فروخت جاری ہے۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ عمان سے ساڑھے 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود جہاز پر حملہ ہوا۔ نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔ اس حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، جو جنگ کے آغاز سے ایک دن قبل کی صورتحال تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ قیمتوں کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 40 روپے فی لیٹر تک کم کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے تاہم حکومت ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 27 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔
