پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے خلاف صارفین کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ واضح کیا گیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ آئی ایم ای آئی والے موبائل فون بلاک کردیے جاتے ہیں۔
موبائل فونز کے استعمال سے متعلق پی ٹی اے نے کہا ہے عوام صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ موبائل فون خریدیں۔ ڈپلیکیٹ اور کلون موبائل فون کی خریداری سے بچا جائے،خریداری سے قبل موبائل کے باکس اور فون پر درج آئی ایم ای آئی ضرور چیک کی جائے۔
اعلامیے کے مطابق صارفین ڈیوائس ویری فکیشن سسٹم کے ذریعے موبائل کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ غیر قانونی یا ٹیمپرڈ آئی ایم ای آئی والے موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ای آئی میں غیر قانونی ردوبدل قابل سزا جرم ہے۔ غیر قانونی آئی ایم ای آئی پر 3سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
