پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے نئے سیزن کے لیے جامع پالیسی جاری کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی سالانہ رجسٹریشن فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس پر مختلف محکموں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ ون ڈیپارٹمنٹل ٹیم کے لیے سالانہ فیس ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گریڈ ٹو گولڈ کیٹیگری کی ٹیموں کے لیے 42 لاکھ اور سلور کیٹیگری کے لیے 40 لاکھ روپے سالانہ فیس مقرر کی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق ڈیپارٹمنٹس کو اپنے کھلاڑیوں کو کم از کم مقررہ ماہانہ معاوضہ دینا لازمی ہوگا۔ گریڈ ون میں کم از کم ایک کھلاڑی کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے ماہانہ، یعنی سالانہ 15 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ گریڈ ٹو گولڈ میں کم از کم 75 ہزار روپے اور گریڈ ٹو سلور میں 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دینا لازمی قرار دی گئی ہے۔
پی سی بی نے یہ بھی لازمی قرار دیا ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹس اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کم از کم ایک سال کا باقاعدہ معاہدہ کریں تاکہ انہیں مالی اور پیشہ ورانہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں پریزیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس، پریزیڈنٹ کپ ون ڈے اور پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ و سلور مقابلوں کے لیے میچ فیس اور ڈیلی الاؤنس کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ گریڈ ون میں فی میچ فیس 10 ہزار روپے، ریزرو کھلاڑی کے لیے 5 ہزار روپے جبکہ روزانہ الاؤنس بھی 5 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ ٹو میں فی میچ فیس 5 ہزار روپے اور روزانہ الاؤنس 4 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
