اداکارہ مومنہ اقبال کے قانونی نوٹس کا اثر، ناصر مدنی نے یوٹرن لیتے ہوئے عوامی معافی مانگ لی

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کے بعد معروف مذہبی اسکالر ناصر مدنی نے اپنے متنازع بیان سے رجوع کرتے ہوئے عوامی سطح پر معذرت کا اظہار کر دیا ہے۔

چند روز قبل پنجابی زبان میں اپنے نعتیہ اور مذہبی بیانات کی وجہ سے شہرت رکھنے والے ناصر مدنی نے اپنے ایک بیان میں اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق تبصرہ کیا تھا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ اس بیان کے بعد مومنہ اقبال نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا، جبکہ اس مقدمے کی پیروی ان کی بہن اور وکیل رمشہ اقبال نے کی۔

اب ایک نئے ویڈیو بیان میں ناصر مدنی نے اپنے سابقہ مؤقف پر نظرثانی کرتے ہوئے مومنہ اقبال اور ان کے اہلِ خانہ سے معافی مانگ لی۔

ناصر مدنی نے کہا، "میں مومنہ اقبال صاحبہ اور ان کے اہلِ خانہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بھی آپ سے معذرت خواہ ہیں۔ اگر میری کسی بات سے آپ کو ذاتی طور پر دکھ پہنچا ہو تو یہاں موجود ہم سب آپ سے معافی مانگتے ہیں۔ ہم عوامی طور پر معذرت کرتے ہیں اور اپنی تمام بیٹیوں سے کہتے ہیں کہ وہ دوسری بیٹیوں کے لیے بھی آواز بلند کریں۔”

انہوں نے رمشہ اقبال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کے شعبے میں ایک معتبر نام ہیں اور انہیں تمام پاکستانی بیٹیوں کے حقوق اور عزت کے تحفظ کے لیے آواز اٹھاتے رہنا چاہیے۔

ناصر مدنی نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی بیٹی کی عزت و وقار کا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور کسی بھی خاتون کی عزت کو متنازع موضوع نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ان کے بقول، "بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں اور احترام و عزت کی مستحق ہیں۔”

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے