امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال مزید بگڑی تو امریکا زیادہ سخت فوجی کارروائی سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں، فضائی نگرانی کے نظام اور ریڈار تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ ان کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم اگر ایران نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں تو واشنگٹن کو مزید فیصلہ کن فوجی اقدامات پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات اس نہج تک پہنچے تو اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے جو فوجی کارروائی شروع کی ہے، ضرورت پڑنے پر اسے مزید وسعت دی جا سکتی ہے تاکہ خطے میں امریکی مفادات اور بین الاقوامی بحری سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
