فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی نے ایک اور شاندار سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی فٹبال کی تاریخ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اردن کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی نے 80ویں منٹ میں فری کک پر شاندار گول اسکور کیا، جس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل سات میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس تاریخی کارنامے کے ساتھ میسی نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل چھ ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا، جو کئی دہائیوں سے قائم تھا۔
میسی کا یہ تاریخی سلسلہ قطر ورلڈ کپ 2022 کے پری کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی میسی شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک کی، آسٹریا کے خلاف دو گول اسکور کیے اور اب اردن کے خلاف گول کرکے مسلسل سات ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔
