ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے) کراچی کے زونل انتخابات مکمل ہو گئے ہیں، جن میں ندیم عمر پینل نے 7 میں سے 5 زونز میں نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
انتخابی عمل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈپٹی الیکشن کمشنر سہیل پرویز قریشی کی نگرانی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوا۔
انتخابات کے آخری مرحلے میں زون 7 سے مظہر اعوان گروپ کے امیدوار کامیاب رہے، جہاں عبدالرؤف صدر، سیف اللہ خان سیکریٹری اور زیب اقبال خان منتخب ہوئے۔
اس سے قبل ندیم عمر گروپ زون 1، زون 3، زون 5 اور زون 6 میں بلا مقابلہ کامیابی حاصل کر چکا تھا، جبکہ زون 4 میں بھی واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب رہا۔ دوسری جانب زون 2 کے انتخابات میں جمیل احمد گروپ نے کامیابی حاصل کی۔
زونل انتخابات کے مجموعی نتائج کے بعد ندیم عمر گروپ کو سات میں سے پانچ زونز کی حمایت حاصل ہو گئی ہے، جس کے باعث قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ندیم عمر ایک مرتبہ پھر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر بلا مقابلہ منتخب ہو جائیں گے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق زونل انتخابات کے نتائج کراچی کرکٹ کی آئندہ انتظامی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ نئی قیادت سے مقامی کرکٹ کے فروغ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
