کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مسلسل رابطوں کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، عوامی روابط اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔
