لندن: عالمی شہرت یافتہ ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز نے جولائی سے دسمبر 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے نمایاں برتری حاصل کی ہے، جبکہ پاکستان کا پاسپورٹ بدستور کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل رہا۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ سنگاپور کے شہری دنیا کے 192 ممالک میں بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث یہ فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہے۔
فہرست میں متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ ان تینوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو 188 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل ہے۔
تیسرے نمبر پر سویڈن کا پاسپورٹ رہا، جس کے ذریعے 187 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر ممکن ہے۔
چوتھے نمبر پر بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس کے ذریعے 186 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
پانچویں نمبر پر یونان، آسٹریا، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ رہے، جہاں کے شہری 185 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ درجہ بندی مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے ذریعے دنیا بھر میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی پاسپورٹ اس مرتبہ دسویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، حالانکہ ماضی میں اسے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شمار کیا جاتا تھا۔
ادارے کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے سب سے زیادہ ترقی کی ہے۔ ایک دہائی کے دوران اس کی عالمی درجہ بندی میں 40 درجوں کی بہتری آئی، جس کے بعد یہ دنیا کا دوسرا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا۔
دوسری جانب پاکستان کا پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل رہا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان مجموعی طور پر 100 ویں نمبر پر ہے اور پاکستانی شہری صرف 30 ممالک میں ویزا فری یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے بعد عراق 101 ویں، شام 102 ویں جبکہ افغانستان 103 ویں نمبر پر موجود ہے، جسے دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان سے بہتر درجہ بندی رکھنے والے ممالک میں یمن، صومالیہ، نیپال، شمالی کوریا، بنگلا دیش، فلسطین، ایران، اریٹیریا، سری لنکا اور لیبیا شامل ہیں۔
