الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 852 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں، جبکہ 320 سے زیادہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ضلع میرپور کے 4 حلقوں سے 98 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 63 اور ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 135 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسی طرح باغ اور حویلی کے 3 انتخابی حلقوں سے 83 امیدوار مدِمقابل ہیں، جبکہ پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں 126 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
ضلع نیلم کے 2 حلقوں سے 51، ضلع مظفرآباد کے 5 حلقوں سے 126 اور ضلع جہلم ویلی سے 34 امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ مہاجرین جموں و کشمیر کے لیے مختص 12 نشستوں پر بھی 126 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والی 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ان کے مقررہ انتخابی نشانات الاٹ کر دیے گئے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔
