ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی خصوصی طیارے کے ذریعے عراق کے مقدس شہر نجف منتقل کر دیا گیا، جہاں لاکھوں افراد ان کے آخری دیدار اور خراجِ عقیدت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نجف پہنچنے کے بعد مختلف مذہبی اور عوامی مقامات پر سوگواروں کی بڑی تعداد نے شہید رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ آخری رسومات کے سلسلے میں عراق کی سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی نجف پہنچ گئے، جہاں عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قانی بھی نجف میں موجود ہیں۔
اس سے قبل شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایران کے مقدس شہر قم منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ قم میں ہونے والی مذہبی رسومات کے بعد میت کو عراق روانہ کیا گیا۔
اس سے پہلے تہران میں بھی شہید رہنما کی نمازِ جنازہ اور مرکزی جلوس منعقد ہوا، جس میں ایرانی میڈیا کے مطابق ایک کروڑ 20 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ افراد نے شرکت کی، جبکہ عالمی میڈیا نے بھی اس اجتماع کو حالیہ برسوں کے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے سیٹلائٹ تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جلوسِ جنازہ میں شریک افراد کی تعداد انتہائی زیادہ تھی اور یہ اجتماع قومی سطح پر غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا۔
