امریکا میں ایچ-1 بی اور ویزا پروگراموں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور فراڈ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں، جن کے دائرہ کار میں بھارتی آئی ٹی کمپنی کوگنیزنٹ (Cognizant) بھی شامل بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام مبینہ جعلی ویزا درخواستوں، غیر ملکی کارکنوں کے استحصال اور امریکی ملازمین کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی سکیموں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ تحقیقات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کی نگرانی میں جاری ہیں، جبکہ مختلف کمپنیوں کے ویزا پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمۂ محنت کے انسپکٹر جنرل انتھونی ڈی ایسپوزیتو کے مطابق تحقیقات کے سلسلے میں متعدد کمپنیوں کو سمن جاری کیے جا چکے ہیں اور مختلف معاملات کی چھان بین جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں بھارتی آئی ٹی کمپنی کوگنیزنٹ کا نام بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ ویزا فراڈ کے ذریعے غیر ملکی کارکنوں کے استحصال اور امریکی کارکنوں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہونے کے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
