دبئی کے حکمران، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اپنی 77ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں اسکاٹ لینڈ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنی نجی انویرینیٹ اسٹیٹ (Inverinate Estate) میں قیام کریں گے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم انورنیس ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد اپنی 63 ہزار ایکڑ پر مشتمل اسٹیٹ روانہ ہوئے، جہاں آئندہ ہفتے ان کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق ان کے ہمراہ ایک نجی طیارہ، تین ہیلی کاپٹر اور تقریباً 60 گاڑیوں پر مشتمل سیکیورٹی و سفری قافلہ بھی موجود ہے، جس میں رینج روور اور مرسڈیز سمیت متعدد لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔
برطانوی ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر شیخ محمد کو سنجیدہ انداز میں دیکھا گیا، تاہم بعد ازاں وہ اپنے اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت پہاڑی علاقوں میں چہل قدمی کرتے بھی نظر آئے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی اور سفری گاڑیوں کا قافلہ دیکھا ہے۔
انویرینیٹ اسٹیٹ لوخ ڈوئچ (Loch Duich) کے کنارے واقع ہے، جہاں متعدد رہائشی عمارتیں، لاجز اور تین ہیلی پیڈ پہلے سے موجود ہیں۔ گزشتہ برس اس اسٹیٹ پر مزید رہائشی عمارتوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی تھی، جس کے بعد مقامی افراد کے مطابق یہ علاقہ اب ایک چھوٹے گاؤں کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔
