کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا، ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد رضا نے بتایا کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکٹر آکاش کو ڈکیتی کے دوران نشانہ بنایا گیا، پولیس نے واقعے کے 24 گھنٹوں کے اندر اہم شواہد اکٹھے کیے اور 36 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش جب بینک پہنچے تو ملزمان پہلے سے وہاں موجود تھے، ایک ملزم نے ریکی کرکے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد واردات انجام دی گئی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تفتیش کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں، جن کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہوئی، واردات میں ایک موٹر سائیکل اور ایک گاڑی استعمال کی گئی، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسد رضا نے مزید بتایا کہ ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا، ان کا تعلق ہندو برادری سے ہے اور ان کے قبضے سے کچھ رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔
