پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم کا بانی رکن بن گیا

پاکستان مصنوعی ذہانت کے عالمی تعاون میں شامل ہوگیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر بطور بانی رکن دستخط کر دیے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن، وائیکو، کے قیام کے معاہدے پر پاکستان کی جانب سے بطور بانی رکن دستخط کر دیے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں، بالخصوص گلوبل ساؤتھ کے تناظر میں، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت تک مساوی رسائی اور عالمی اے آئی تقسیم کم کرنے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ چین پہنچ گئی ہیں۔ وہ شنگھائی میں ورلڈ اے آئی کانفرنس 2026 میں شرکت کریں گی، اہم تکنیکی مذاکرات کا حصہ بنیں گی اور مختلف ممالک کے وزرا اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔

چین کے شہر شنگھائی میں جمعرات کو ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (وائیکو) کے قیام کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 29 ممالک نے اس تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔

دستخطی تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان، روس، انڈونیشیا، قازقستان، لاؤس سمیت مختلف ایشیائی اور افریقی ممالک کے نمائندوں نے بانی اراکین کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کیے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے