معروف انٹرنیٹ شخصیت اور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے شوہر حارث کھوکھر کو باقاعدہ خلع کے کاغذات بھجوا دیے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں وہ خلع کے دستاویزات پر دستخط کرتی نظر آتی ہیں۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے ویڈیو میں کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ دنیا کی کسی بھی خاتون کو شادی کے بعد ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کسی کو ایسا شریکِ حیات نہ ملے جو اپنی اہلیہ کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کرے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے گزشتہ سال حارث کھوکھر سے منگنی اور بعد ازاں شادی کا اعلان کیا تھا، جس پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم شادی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔
بعد ازاں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نبیحہ نے بتایا تھا کہ ان کی ازدواجی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس وقت رشتہ ختم نہیں ہوا تھا، تاہم حالات ایسے ہو چکے تھے کہ معاملہ طلاق تک پہنچ سکتا تھا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اس وقت مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر ان کا گھر ٹوٹا تو اس کی ذمہ داری ان کے شوہر کے اہلِ خانہ پر عائد ہوگی۔ ان کے مطابق حارث کھوکھر نے اپنے والدین کے اثر میں آ کر ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر خاندان کو پہلے سے کوئی اور رشتہ پسند تھا تو پھر اس شادی پر رضامندی کیوں دی گئی۔
ڈاکٹر نبیحہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، اپنی ساس کی خدمت کی، گھر کے تمام امور انجام دیے اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات بھی کم کر دیں تاکہ شادی شدہ زندگی کو زیادہ وقت دے سکیں۔
ان کے مطابق وہ اپنے گھر کو بچانا چاہتی تھیں، تاہم تمام کوششوں کے باوجود حالات بہتر نہ ہو سکے، جس کے بعد انہوں نے خلع کی قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
