روس نے اٹلی کے ساتھ بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے درمیان دو اطالوی سفارت کاروں کو "پرسونا نان گراٹا” قرار دیتے ہوئے تین روز کے اندر اپنے اہل خانہ سمیت روس چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام اٹلی کی جانب سے روسی سفارت خانے کے دو فوجی اتاشیوں کو مبینہ جاسوسی کی سرگرمیوں کے الزام میں ملک بدر کرنے کے جواب میں باہمی (Tit-for-Tat) کارروائی کے طور پر کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اٹلی کے اسسٹنٹ دفاعی اتاشی ویتوریو پریلا (Vittorio Parrella) اور اتاشی ڈیوڈے ڈی اپرائل (Davide D’Aprile) کو "پرسونا نان گراٹا” قرار دیا گیا ہے، اور انہیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ تین دن کے اندر روس چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
روسی حکام نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر اٹلی کے قائم مقام ناظم الامور جیوانی اسکوپا کو وزارت خارجہ طلب کر کے روس کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کیا گیا۔
