یمنی حوثیوں کی دھمکیوں کی مذمت، پاکستان اپنے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے پر طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے، دفترخارجہ

پاکستان نے یمنی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے خلاف دھمکیوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان حق دفاع کےتحت تمام ضروری اقدامات بشمول طاقت کےاستعمال کا حق محفوظ رکھتاہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں، پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو خطرہ قومی سلامتی کے خلاف خطرہ تصور کیا جائے گا، پاکستان اپنے بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی جہازوں کیخلاف جارحانہ کارروائی کو ملکی سلامتی و مفادات کیلئے سنگین خطرہ تصور کیاجائےگا، پاکستان حق دفاع کے تحت تمام ضروری اقدامات بشمول طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتاہے۔

پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی،خودمختاری،علاقائی سالمیت اورخوشحالی کیلئے غیرمتزلزل حمایت کااعادہ کیا، ترجمان نے کہا کہ یمن کی حوثی ملیشیا کی دھمکیاں علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، دھمکی آمیزبیانات آزادانہ جہازرانی کیلئے نقصان دہ اور قواعد پر مبنی عالمی بحری نظام کو چیلنج کررہے ہیں، ایسے اقدامات عالمی تجارت کے بلاتعطل بہاؤ کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان مکالمے،سفارتکاری اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اپنے عزم پرقائم ہے، فریقین بین الاقوامی قانون  کا احترام کریں، بین الاقوامی بحری جہاز رانی کےتحفظ،سلامتی اور آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایاجائے۔

خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا کو معاملہ خود سنبھالنا پڑےگا، امریکا اس کا جواب دےگا۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے