نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (ARF) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران کاجا کالاس نے پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے سلسلے میں اپنے حالیہ دورۂ اسلام آباد کا ذکر کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکا۔ایران کشیدگی کے تناظر میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل سفارت کاری، مذاکرات اور سیاسی حل ہی واحد مؤثر اور پائیدار راستہ ہے۔
ملاقات میں امریکا۔ایران صورتحال کے عالمی توانائی کی منڈیوں، بحری سلامتی، بین الاقوامی تجارت اور سپلائی چینز پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور اختلافات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت شامل تمام بین الاقوامی کنونشنز پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اسے مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
