ازبک نائب وزیر اعظم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کابل پہنچ گیا، افغانستان سے اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ازبکستان کے نائب وزیر اعظم جمشید خودجائیف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سیاسی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان کی عبوری حکومت (امارت اسلامیہ) کے نائب ترجمان ملا حمد اللہ فطرت کے مطابق، نگراں وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند نے اتوار کے روز گلخانہ پیلس میں ازبک وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں وزراء، نائب وزراء، سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔

جمشید خودجائیف نے کہا کہ یہ دورہ ازبک صدر شوکت مرزییوئیف کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سیاسی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان کی خارجہ پالیسی میں افغانستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اقتصادی معاہدوں پر عملی پیش رفت اس دورے کا اہم مقصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال افغانستان کی ازبکستان کو برآمدات 150 ملین ڈالر رہیں، جبکہ رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں ہی یہ حجم 111 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جس سے سال کے اختتام تک مزید اضافے کی توقع ہے۔

ازبک نائب وزیر اعظم کے مطابق اب تک 5 ہزار افغان شہریوں کو ازبک ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عوامی روابط، تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون کی علامت ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے