پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے مسقط روانہ ہو گئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق قومی انڈر 21 اسکواڈ کے ہمراہ ہیڈ کوچ اولمپیئن ایاز محمود، کوچ اولمپیئن سمیر حسین اور کوچ اظفر یعقوب بھی عمان گئے ہیں، جہاں ٹیم سیریز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان انڈر 21 اور عمان کی سینئر قومی ٹیم کے درمیان مجموعی طور پر پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا میچ 29 جولائی، دوسرا 31 جولائی، تیسرا یکم اگست، چوتھا 2 اگست جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس سیریز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ تجربہ فراہم کرنا اور آئندہ عالمی و ایشیائی مقابلوں کے لیے ٹیم کی تیاری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
