دنیا کی بلند ترین 14 چوٹیوں کو ریکارڈ مدت میں سر کرنے والے معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا پاکستان میں براڈ پیک پر مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوہ پیما نرمل پرجا کی مہم کا انتظام کرنے والی کمپنی ’ ایلیٹ ایکسپیڈ‘ نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے ۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نرمل "نِمزدائی” پرجا براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مہم میں شامل دیگر ارکان بھی حادثے میں زندہ نہ بچ سکے۔
43 سالہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھ نو دیگر کوہ پیما جمعرات سے لاپتا تھے، جب گلگت بلتستان میں واقع 8 ہزار 51 میٹر بلند براڈ پیک پر اچانک برفانی تودہ آ گرا۔
براڈ پیک دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے تکنیکی اعتبار سے انتہائی دشوار چوٹیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔حادثے کا شکار ہونے والے 10 رکنی گروپ میں چھ کوہ پیما نیپال سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ دیگر ارکان پاکستان، عمان، امریکہ اور چین کے شہری تھے۔
نرمل پرجا نے 2019 میں دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں کو صرف چھ ماہ میں سر کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ برطانوی فوج کی گورکھا اسپیشل فورسز کے سابق اہلکار نرمل پرجا کی اس غیر معمولی کامیابی پر 2021 میں نیٹ فلکس کی مشہور دستاویزی فلم "14 Peaks: Nothing Is Impossible” بھی ریلیز کی گئی، جس نے انہیں عالمی سطح پر مزید شہرت دلائی۔
کوہ پیمائی کی دنیا میں نرمل پرجا کو غیر معمولی عزم، جرات اور ریکارڈ ساز کامیابیوں کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
