جنوبی پیرو میں واقع عالمی شہرت یافتہ نازکا لائنز کے قریب ایک سیاحتی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق حادثے میں طیارے میں سوار تمام 11 مسافر اور 2 پائلٹ جان کی بازی ہار گئے۔
پیرو کے سرکاری نیوز چینل TVPeru کے مطابق، یہ چھوٹا طیارہ نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے پرواز کر رہا تھا جب وہ پیوبلو ویجو کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کا مقام نازکا شہر سے تقریباً 6 کلومیٹر جبکہ نازکا لائنز کے آثارِ قدیمہ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ پیرو کی مقامی فضائی کمپنی ایروڈیانا (Aero Diana) کا تھا۔ تاہم کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
مقامی خبر رساں ادارے RPP کے مطابق، طیارہ پیسکو ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا، لیکن پرواز کے چند ہی منٹ بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد بعد میں اس کے گرنے کی اطلاع ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں صحرائی علاقے میں طیارے کا ملبہ اور اس سے اٹھتا ہوا دھواں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ان ویڈیوز کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
