انڈونیشیا کے مادورا جزیرے کے قریب ایک مسافر فیری میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 41 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ انڈونیشیا کی قومی تلاش و بچاؤ ایجنسی کے مطابق ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
رائٹرز کے مطابق حادثے کے وقت فیری میں 271 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 225 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔
بیان کے مطابق یہ فیری مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی سولاویسی کے شہر مکاسار جا رہی تھی کہ اتوار کی صبح سفر کے دوران اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
