ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے والدین کو ماہانہ 40 سے 80 ہزار مالی امداد دی جائے گی: سعید غنی

وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کو مکمل علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی،ان کے والدین کو ماہانہ چالیس ہزار سے اسی ہزار روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔

کراچی میں سعید غنی نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وائس چیئرپرسن قاضی خضر کی قیادت میں آنے والے تین رکنی وفد سے ملاقات  کی ۔ ملاقات کے دوران سعید غنی نے کہا کہ سعید غنی نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے دو ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے اس فنڈ کے شفاف استعمال کے لیے ایک آزاد اور خودمختار بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔بچوں کے علاج کے لیے ملک کے ممتاز ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک سو بیس بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو چکی ہے،جن میں اکیاسی بچے سوشل سیکیورٹی میں رجسٹرڈ جبکہ انتالیس غیر رجسٹرڈ ہیں۔ متاثرہ بچوں کا علاج کراچی کے بڑے سرکاری اسپتال سمیت دیگر بڑے اسپتالوں میں جاری ہے۔وزیر محنت نے کہا کہ جیسے ہی ایچ آئی وی کیسز سامنے آئے، فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ پہلی رپورٹ میں سولہ بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی،حتمی رپورٹ میں دس افراد کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔دوسری تحقیقاتی رپورٹ میں سینتیس افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا، جنہیں شوکاز اور حتمی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔سعید غنی نے واضح کیا کہ متاثرہ بچوں اور ان کے اہلخانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر اینڈومنٹ فنڈ میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے