واشنگٹن (وژن پوائنٹ نیوز)امریکی ریاست ٹینیسی کے دارالحکومت ناش ول میں سرکاری یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور3 بچوں سمیت 9 زخمی ہو گئے۔
مقامی پولیس کے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ شخص ہلاک ہو گیا، زخمیوں میں 12 سال کے دو اور 14 سال کا ایک بچہ شامل ہے جن کی حالت نازک ہے۔ناش ول پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹینیسی سٹیٹ یونیورسٹی میں مختلف تقریبات جاری تھیں کہ کیمپس کے قریب ایک گلی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی جس سے لوگوں میں افرا تفری پھیل گئی اور انہوں نے اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگنا شروع کر دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کے واقعے کا یونیورسٹی کی تقریبات سے کوئی تعلق نہیں۔ واقعے کے د وران چھ مسلح افراد کو فائرنگ کرتے دیکھا گیا جن میں سے کچھ زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقعے پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔