چین نے ایک مرتبہ پھر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطین میں چین کے سفیر سُن ژِن نے کہا کہ چین فلسطین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دے کر نئی بلندیوں تک پہنچانا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
چینی سفیر نے بتایا کہ فلسطینی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران انہیں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی مشکلات اور ناانصافیوں کی شدت کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع ملا، جس پر چین کو گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین فلسطینی عوام کی مدد کے لیے انسانی امداد اور ترقیاتی تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گا، تاکہ فلسطینی عوام کی ضروریات پوری کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
سُن ژِن نے مزید کہا کہ رواں سال چین اور فلسطین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کے قیام کو تین سال مکمل ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل مضبوطی اور باہمی اعتماد کی علامت ہے۔
