پاکستانی اتھلیٹ عطاء اللہ ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان اتھلیٹ عطاء اللہ ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں عالمی مقابلوں کا آغاز 5 اگست سے ہوگا اور یہ ایونٹ 9 اگست تک جاری رہے گا۔

عطاء اللہ کے ہمراہ علی یاسر بطور ٹیم منیجر اور کوچ بھی امریکا پہنچے ہیں۔ دونوں ایونٹ کے دوران پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ایشیاء ایتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا کہ عطاء اللہ پہلی مرتبہ کسی عالمی سطح کی چیمپئن شپ میں 100 میٹر دوڑ کے مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑی کے لیے قیمتی تجربہ ثابت ہوگا اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مقابلوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عطاء اللہ ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

محمد اکرم ساہی نے کہا کہ عطاء اللہ اس وقت 100 میٹر اور 200 میٹر دونوں ایونٹس کے قومی جونیئر چیمپئن ہیں، جبکہ وہ ان دونوں مقابلوں کے قومی جونیئر ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اتھلیٹ کو عالمی چیمپئن شپ میں بھیجنے کا فیصلہ مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، کیونکہ عطاء اللہ پاکستان کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوان اتھلیٹس مختلف ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس میں شرکت کریں گے۔ چیمپئن شپ کے قوانین کے مطابق 2007 سے 2010 کے درمیان پیدا ہونے والے کھلاڑی اس عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے