امریکہ اور برازیل کے درمیان جاری سفارتی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں تعینات برازیل کی سفیر ماریا لوئیزا ریبیرو ویوٹی کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب برازیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد سفیر کی منظوری مؤخر کر دی اور دو امریکی سفارت کاروں کو ویزا جاری کرنے سے بھی انکار کر دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق یہ اقدام سفارتی اصولوں کے تحت "باہمی کارروائی” (Reciprocal Action) کے طور پر کیا گیا ہے۔
عہدیدار نے واضح کیا کہ برازیلی سفیر کو ملک بدر نہیں کیا گیا بلکہ صرف ان کا ویزا منسوخ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر برازیل امریکی نامزد سفیر کو باضابطہ منظوری دے دیتا ہے تو برازیلی سفیر کا ویزا بھی بحال کیا جا سکتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جون کو ڈینیئل پیریز کو برازیل میں امریکہ کا نیا سفیر نامزد کیا تھا، تاہم برازیل نے کئی ہفتوں سے ان کی باضابطہ منظوری (Agrément) نہیں دی۔
برازیل کا مؤقف ہے کہ امریکہ نے بین الاقوامی سفارتی روایات کے برعکس پہلے نامزدگی کا اعلان کیا، جبکہ اس سے قبل برازیل کی رضامندی حاصل کرنا ضروری تھا۔
برازیلی حکومت نے گزشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ کے دو اہلکاروں کو بھی ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔
