وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، تجارت اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا، امید ہے مسلسل کوششوں سے 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا، تجارت، بالخصوص خوراک اور زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے،ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں بارڈر 24کھلا رکھنے کیلئے سہولیات بڑھانے، بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے ، کان کنی، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای ،صدر مسعود پزشکیان کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے کہا کہ پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، آزاد تجارتی معاہدےکے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔
