آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان کا شاندار آغاز، امریکا کو 3-0 سے شکست

پرتگال کے شہر لزبن میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے امریکا کو 3-0 سے شکست دے دی۔

ٹورنامنٹ میں 30 ممالک کے 300 سے زائد کھلاڑی مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم تجربہ کار اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سابق عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پہلے سنگلز مقابلے میں امریکا کے ووجٹیک بریٹیک کو 6-2، 6-3 سے شکست دے کر قومی ٹیم کو برتری دلائی۔

ان کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کے اعتماد میں اضافہ کیا۔

دوسرے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے ٹاپ رینک کھلاڑی عقیل خان کا سامنا جان چیسورتھ سے ہوا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم عقیل خان نے 6-2، 1-6، 6-4 سے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کی مجموعی فتح یقینی بنا دی۔

ڈبلز مقابلے میں شہریار سلامت اور ہادی حسین نے پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔

پاکستانی جوڑی نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے جیون ویسٹ اور گیلرمو کوسن کو 1-6، 6-1، 10-6 سے شکست دے کر پاکستان کی 3-0 کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔

امریکا کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے راؤنڈ رابن مرحلے میں اہم برتری حاصل کر لی ہے۔

قومی ٹیم اب اپنے اگلے میچ میں کینیڈا کا سامنا کرے گی۔

اس مقابلے کی فاتح ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی، جس کے باعث یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے