مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے،اس کا مقصد کسی بھی ملک کو نشانہ بنانا نہیں،نائب وزیراعظم

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے،اس کا مقصد کسی بھی ملک کو نشانہ بنانا نہیں، مکہ معاہدہ خطے کے ہر اس ملک کیلئے کھلا ہے، جو بنیادی اصولوں کی  پاسداری پر آمادہ ہو۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا کہ گزشتہ 2 روز سے مکہ معاہدے کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوامی دلچسپی کے باعث معاہدے کا پس منظر اور وضاحت پیش نظر رکھنا مفید ہوگی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر 7 اگست کو دستخط کئے، معاہدہ تینوں ممالک کی قیادت اور عوام کے برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے، مکہ معاہدہ کئی برسوں سے جاری مذاکرات اور باہمی رابطہ کاری کا نتیجہ ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدے کا مقصد امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانا ہے، خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا بھی مکہ معاہدے کا مقصد  ہے، مکہ معاہدہ تینوں ممالک کے باہمی یا دیگر ملکوں و تنظیموں کے ساتھ کوئی معاہدہ منسوخ یا تبدیل نہیں کرتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی بیرونی مسلح حملہ تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا، یہ اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت انفرادی اور اجتماعی دفاع کے فطری حق کے مطابق ہے، مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے،اس کا مقصد کسی بھی ملک کو نشانہ بنانا نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ معاہدے کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا ہے، مکہ معاہدہ خطے کے ہر اس ملک کیلئے کھلا ہے، جو بنیادی اصولوں کی  پاسداری پر آمادہ ہو، جو بھی ملک باہمی احترام،تعاون اور پُرامن ذرائع کے ذریعے اختلافات کے حل کیلئے آمادہ ہو۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ ہے، خطے کے تمام ممالک کے ساتھ پائیدار امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، پاکستان تمام تنازعات کے پُرامن حل کے فروغ کے عزم پر قائم ہے۔ پاکستان اپنے عوام کیلئے زیادہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے عزم پر قائم ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے