ایران نے قطر میں مبینہ طور پر قید تین ایرانی پائلٹوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق پائلٹوں کو مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران قطری فورسز نے گرفتار کیا تھا۔ ایران نے معاملہ بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے سامنے بھی اٹھا دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جنرل محمد باقر زادہ نے تین پائلٹوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ان کے مطابق قطری فورسز نے جنگ کے دوران ایک Su-24 لڑاکا طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے بعد پائلٹوں کو زندہ گرفتار کیا۔ایرانی جنرل نے دعویٰ کیا کہ تین پائلٹ تقریباً چھ ماہ سے قطری حراست میں ہیں۔ ان میں جواد صالحی، عبدالمجید دشتیان اور عمران بہرویشان شامل ہیں۔
جنرل محمد باقر زادہ نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کو خط بھیجا ہے۔ خط میں پائلٹوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایرانی جنرل کے مطابق گرفتار پائلٹوں کو اپنے اہل خانہ سے ملاقات یا رابطے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ ایران نے ریڈ کراس سے معاملے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ ماہ ایرانی فوج نے ایک اور پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ ایرانی حکام کے مطابق ماجد کاظمی کی لاش برآمد کی گئی تھی۔ ایران کے مطابق وہ مارچ کے اوائل میں قطر کے العدید ایئر بیس پر حملے کے دوران ہلاک ہوا تھا۔
