وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع دیگر ممالک سے مختلف ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری سے گوگل کے سینئرڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،ڈیجیٹل سیکیورٹی، دہشتگردی کیخلاف سوشل میڈیا کے موثر استعمال سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان محفوظ، پرامن ڈیجیٹل ماحول کیلئے گوگل کے ساتھ تعاون، رابطہ کاری مزید بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع دیگر ممالک سے مختلف ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
وزیرمملکت داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد سوشل میڈیا کو دہشت گردی کی تشہیر اور خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، پاکستان کے حالات کے پیش نظر سوشل میڈیا کی فعال مانیٹرنگ ناگزیر ہے۔ گوگل کے سینئرڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے سینئرڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر پاکستان میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کے نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
