اسلام آباد میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث مزید 275غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے نے سیکٹر آئی ٹین تھری میں کارروائی کی، غیرملکی سیاحتی اور بزنس ویزوں پر پاکستان آکر غیرقانونی کال سینٹر اور غیراخلاقی مواد کی تیاری میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے نے اسلام آباد میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کال سینٹر چلانے والے مزید دو سو پچھتر غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق تمام غیرملکی اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری میں کال سینٹر چلا رہے تھے۔کال سینٹر انتظامیہ غیراخلاقی مواد کی تیاری میں بھی ملوث پائی گئی، جس کیلئے غیرملکی خواتین اور مرد بھرتی کیے گئے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق تمام غیرملکی باشندے سیاحت اور بزنس ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں فارن ایکٹ جبکہ این سی سی آئی اے میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گرفتار 275غیرملکیوں میں سے 76کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے ایگزٹ پرمٹ کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
