بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس دوران پارلیمانی امور، ملکی سیاست اور قانون سازی پر مشاورت کی گئی اپوزیشن قائدین سے پارلیمانی کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرنے اور انتخابی اصلاحات کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ملاقات میں پارلیمانی امور، ملکی سیاست اور قانون سازی سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔پیپلزپارٹی اور اپوزیشن قائدین نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں پارلیمان میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری روایت قرار دیا۔
