نارووال کے قصبہ احمد آباد میں سیلابی پانی نے تباہی مچا دی ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث دریائے چناب قادر آباد بیراج میں نچلے درجےکا سیلاب ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارووال کے قصبہ احمد آباد میں سیلابی پانی نے تباہی مچا دی ہے، 20 سے زائد دیہات کو ملانے والی سائر باجوہ ، نڈالی روڈ سیلابی پانی میں بہہ گئی ، سڑک زیرے آب آنے سے تمام دیہات کاشہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیاہے ، مکین اپنی جان ہتھیلی پررکھ کر سیلابی پانی عبورکرنے پرمجبور ہیں،سیکڑوں ایکڑ پرکھڑی فصلیں سیلابی پانی میں ڈوب گئی ، فصلیں زیرے آب آنے سے کسانوں کوشدید مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
سکھر
دریائےسندھ میں کالاباغ کےمقام پرپانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ جاری ہے، کالا باغ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 16 ہزار 436 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، کالا باغ بیراج پر پانی کی سطح درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ گئی ہے، دریائے چناب کے ہیڈ قادر آباد کے مقام پر بھی پانی کے بہاؤ میں بتدریج اضافہ ہو رہاہے، ہیڈ قادر آباد پر پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار 999 کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 27 ہزار 474 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔
پھالیہ دریائے چناب قادرآباد بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 146999 کیوسک ریکارڈ کی گئی ، دریائے چناب میں قادرآباد بیراج کے مقام پر پانی کا اخراج 127474 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ کر دیئے گئے ہیں، دریائے چناب کے کنارے آباد شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریزکی ہدایت کی گئی ہے ۔
سمبڑیال
سمبڑیال میں ’نالہ ایک ‘متعدد مقامات سے بپھر گیا اور اس وقت 6ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزررہا ہے ، زرعی رقبہ زیرِ آب آچکا ہے اور پانی 7ہزار کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔
سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب ہے اور فصلوں کو شدید نقصان کا خدشہ ہے۔ بھوپالوالہ، ملکھانوالہ، ڈھلم بلگن میں سیلابی صورتحال سنگین ہونے لگی ہے، سیلابی پانی تیزی سے نشیبی علاقوں کی جانب بڑھنے لگا ہے۔
پانی کے مسلسل اضافے سے مزید زرعی رقبہ زیرِ آب آنے کا خدشہ موجود ہے، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر آباد
وزیرآباد میں حالیہ بارشوں سےدریائےچناب میں پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہو گئی ہے، مرالہ، خانکی اور قادرآباد بیراج پر نچلے درجہ کا سیلاب ہے، دریائےچناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پرپانی کی آمد 123700 کیوسک اور اخراج 106477 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔
خانکی بیراج پر پانی کی آمد131837کیوسک اوراخراج 124279کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ قادرآباد بیراج کےمقام پرپانی کی آمد127316کیوسک اوراخراج107791کیوسک ہے۔
دیامر
دیامر کی تحصیل چلاس کی وادی نیاٹ میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ، سیلابی ریلے سے مکانات، فصلوں، درختوں اوررابطہ پلوں کوشدید نقصان پہنچا ۔ وادی نیاٹ میں مواصلاتی نظام متاثر ہونے اور دشوارگزارراستوں کےباعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
