کراچی: سندھ حکومت نے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہےکہ متعددگاڑیاں بغیر درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ چل رہی ہیں، بعض گاڑیوں میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں، پبلک سروس گاڑیوں میں فعال فائر ایکسٹنگوشر لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن مسافروں کی حفاظت خطرے میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ تمام پبلک سروس گاڑیوں کے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹس کی تصدیق کی جائے گی، دستی روٹ پرمٹس غیر مؤثر تصور کرتے ہوئے منسوخ کیے جائیں گے، ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں پر کارروائی ہوگی۔
وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ خلاف ورزیوں کی جامع فہرست ہر دو ہفتے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کو دی جائے گی، بار بار خلاف ورزی کرنے والے آپریٹرز کے نام بلیک لسٹ کیے جائیں گے۔
شرجیل میمن نے موٹر وہیکل انسپکٹرز کو اچانک معائنے اور کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی پر جرمانے، روٹ پرمٹ معطلی اور لائسنس منسوخی عمل میں لائی جائے، حفاظتی تقاضے پورے کیے بغیر پبلک سروس گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر وہیکل انسپیکشن ونگ افسران ہر 2 ہفتے بعد کارروائیوں کی رپورٹ جمع کروائیں۔
