اسلام آباد : پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم پر صدر مملکت آصف علی زرداری آج دستخط کریں گے۔
ایوان صدر سیکرٹریٹ کے مطابق آئینی ترمیم پر صدر مملکت آج دستخط کریں گے تاہم صبح 6 بجے منعقدہ تقریب ملتوی کردی گئی ہے، تقریب آج دن میں کسی وقت ہوگی، وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایوان صدر میں پارلیمان کے دونوں ایوان سے منظوری کے بعد 26 آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب میں پارلیمنٹرینز بھی شریک ہوں گے۔
اس سے قبل آئینی ترمیم پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کی تقریب صبح 6 بجے منعقد کی گئی تھی تاہم اب اسے ملتوی کردیا گیا ہے۔ تقریب کیلئے صبح 8 بجے کے وقت کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دیدی ہے، حکومت دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔