محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے ضلع نیلم میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ ضلع حویلی کہوٹہ میں بھی انٹرنیٹ سروس مکمل بحال کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس بحال کردی گئی ہے، جبکہ جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق تعلیمی اداروں اور بینکوں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے، وائٹ لسٹ کیے جانے والے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جبکہ اس بات کی ضمانت بھی دینا ہوگی کہ انٹرنیٹ سروس کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وادی میں انٹرنیٹ سروس آئندہ 2 روز کے اندر بحال کردی جائے گی۔
