عمران خان کی اسپتال منتقلی کا کیس، توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کا امکان ختم

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال  منتقلی کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کا امکان ختم ہوگیا۔

عظمیٰ خان کی جلد سماعت  کی دوسری درخواست پر بھی کیس مقرر نہ ہوسکا، توہین عدالت کا معاملہ 16 ستمبر کو مرکزی کیس کے ساتھ بینچ طے کرے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا مرکزی کیس 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہے۔

واضح رہے کہ 25 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات دور ہونے کے بعد نمبر الاٹ کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب درخواست گزار عظمیٰ خان نے درخواست کی  جلد سماعت کے لئے متفرق درخواست بھی دائر کی تھی، درخواست کے مطابق انصاف کا تقاضا ہے کہ مقدمہ جلد از جلد مقرر کیا جائے، استدعا ہے کہ اسی ہفتے کے دوران کیس کو مقرر کیا جائے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سےمتعلق کیس میں حکومت کی نظرثانی درخواست پر سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکمنامہ جاری کرنے والا بینچ ہی حکومتی نظرثانی درخواست کی سماعت کرے گا، جبکہ نظرثانی درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ ہی بینچ کے سامنے رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس نعیم افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے